پنجاب کی جیلوں میں سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کی نفسیاتی تربیت کا آغاز

Punjab Jails

Punjab Jails

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کی جیلوں میں بند سنگین جرائم میں ملوث ذہنی مریض قیدیوں کی نفسیاتی تربیت کا آغاز کردیا گیا۔ ماہر نفسیات جیل حکام کو تربیت دینگے جو قیدیوں کی کیٹیگری بناکر ماہر نفسیات کو دینگے جس کے بعد ان کا علاج کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی 36 جیلوں میں ایک ماہر نفسیات ہونے کی وجہ سے ماہر نفسیات پہلے صوبائی دارالحکومت کی جیلوں میں تعینات ڈپٹی سپر نٹنڈنٹس اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس کو لیکچر دیگی جس کے بعد پنجاب کی دیگر سنٹرل جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو تربیتی لیکچر دئیے جائیں گے۔

یہ جیل سپرنٹنڈنٹس ان قیدیوں کی لسٹیں بنائیں گے جس کے بعد ان کو لیکچر دئیے جائیں گے اوران کا ادویات کے ذریعے علاج بھی کیا جائے گا۔ اس حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قیدیوں کو معاشرے کا اچھا شہری بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبہ بھر کی جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ قیدیوں کی لسٹیں جلد ازجلد تیار کی جائیں تاکہ انہیں لیکچر دے کر معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جاسکے۔