لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے پرائیویٹ سکولوں کی فیس بڑھانے کے معاملے پر پر آرڈیننس جاری کرتے ہوئے پیر سے کریک ڈاون کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پنجاب حکومت نے لاہور کے لئے تین اور ہر بڑے ضلع کے لئے دو دو جبکہ دیگر اضلاع کے لئے ایک ایک ٹیم تشکیل دیدی ہیں اور یہ ٹیمیں آرڈیننس پر عملدرامد کو یقینی بنائیں گی۔
آرڈیننس کے تحت پرائیویٹ سکولوں کی تعلیمی سال 2014/15 کی پرانی فیسوں کو منجمند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پرائیویٹ سکول فیسوں میں اضافہ نہیں کر سکیں گے ۔ مجوزہ آرڈیننس میں پرائیویٹ سکول فیسوں میں اضافہ کر چکے وہ واپس کرنے یا اگلے ماہ میں ایڈجسٹ کرنے کے پابند ہوں گے۔
آرڈیننس کی خلاف ورزی کی صورت میں روزانہ دس سے پچیس ہزار روپے تک جرمانہ ہو گا اور تیس دن تک خلاف ورزی کی صورت میں چالان عدالت میں بھیج دیا جائے گا۔ جبکہ غیر رجسٹر ڈ پرائیویٹ سکولوں کو آرڈیننس کے تحت پنتالیس دن میں رجسٹرڈ کروانا ہو گا۔ ایسا نہ کرنے پر مالک یا انچارج سکول کو گرفتار کر لیا جائے گا۔