پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں صبح سویرے بارش

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں صبح سویرے شروع ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے شہر چکوال میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔

ادھر صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں صبح سے ہی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔

ٹانک سمیت جنوبی وزیرستان میں موسلادھار بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے متعد دسڑکیں ٹریفک کے لئے بند ہیں۔ دوسری جانب گلگت بلتستان کے بالائی پہاڑوں پر برف باری سے ٹھنڈ مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں موسم سرد اور خشک ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں ٹھنڈی ہواوں کی وجہ سے فضا میں خنکی بڑھتی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی ڈویڑن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔