لاہور (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے انتظامی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے۔
حکمت عملی کے تحت دو قسم کی فہرستیں تیار کی گئی ہیں۔ فہرستوں کے مطابق نظر بندی اور گرفتاریوں کا بھی امکان ہے تاہم ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
تحریک انصاف کو لانگ مارچ کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ بھی 36 گھنٹے پہلے ہوگا۔ دوسری جانب سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے بھی حکومت کو مشورے دینے شروع کر دیئے ہیں۔
کہتے ہیں سیاسی جدوجہد کا مقابلہ سیاسی حکمت عملی سے ہی کرنا چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ تحریک انصاف کو لانگ مارچ کی اجازت دیدے۔ اگر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ ہوا تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اگر لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی گرینڈ الائنس بنتا ہے تو عمران خان خسارے میں رہیں گے۔ سیاسی فائدہ طاہر القادری اور چودھری برادران کو ہوگا۔