پنجاب میں بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں

Punjab

Punjab

لاہور (جیوڈیسک) سمیت مختلف شہروں میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ مسلسل بارش سے لاہور کی نشتر کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ سالہ سمرن جاں بحق۔ اس کے والدین اور بہنیں زخمی ہوگئیں۔ رات بھر چھت سے پانی ٹپکتا رہا۔ غریب لوگ اسی حالت میں سو گئے۔ رات میں کسی وقت چھت گر گئی۔

لاہور کے علاقے چنگی امر سدھو میں چھت گرنے سے دو افردا چل بسے۔ فیروز والا شاہدرہ میں بھی گرنے والی چھت نے ایک بچے کی جان لے لی۔ جھنگ اور میاں چنوں میں دو خواتین کرنٹ کی شکار ہو گئیں۔ سیالکوٹ میں طوفانی بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ ساہیوال شہر اور گر دو نواح میں موسلا دھار بارش پانچویں روز بھی جاری ہے۔

باغ آزاد کشمیر شہر اور گرونواح میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بہاولنگر میں اکسٹھ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد شہر اور گرد و نواح میں ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور ،قلات ،ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارشوں کا امکان ہے۔