فیصل آباد ( پ ر) نواز شریف لورز پاکستان کے مرکزی کوآرڈی نیٹر سید طارق علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما انتقامی سیاست کر رہے ہیں۔ عمران خان خود کو انصاف کی باتیں کرتے نہیں تھکتے لیکن دوسروں کو انصاف دینے میں ناکام ہیں۔ خود ان کے ایم این اے اور ایم پی اے کرپشن اور دھاندلی میں ملوث ہیں۔ عمران خان انتقامی سیاست کرنے کی بجائے کے پی کے میں آئین و قانون کی پاسداری کروائیں۔
طارق علی شاہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اقتدار کے مزے بھی لوٹ رہی ہے اور اپوزیشن کے نام پر سیاست بھی چمکا رہی ہے۔ پنجاب حکومت پر تنقید کرنے والوں نے کے پی کے میں کون سے تیر مارے ہیں۔
لہٰذا عمران خان پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے انتقامی سیاست سے گریز کریں اور آئے روز مطالبات کے لئے سڑکوں پر آنے کی بجائے خیبرپختونخواہ میں اپنی حکومت کی کامیابی کیلئے کوششیں کریں۔