لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ چارسدہ میں دہشت گردوں نے دھند کا فائدہ اٹھا کر بے گناہ طلبا کو نشانہ بنایا اس لئے ہمارا اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ بالکل درست ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں اور ملتی رہیں گی لیکن ان کی دھمکیوں کے خوف سے نہ اسکول کالجز بند کئے اور نہ بعد میں تعلیمی نظام تعطل کا شکار ہوگا۔ پنجاب میں اسکولز اور کالجز سخت سردی اور دھند کی وجہ سے بند کئے گئے ہیں اور یہ تاثر غلط ہے کہ دہشت گردوں کے خوف سے تعلیمی نظام معطل کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ان کا کوئی اختلاف نہیں اور وہ ان کی بات کو تسلیم بھی کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند نہیں ہونے چاہئیں لیکن ہمیں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی پر بھی نظر رکھنی ہے ۔ چارسدہ میں دہشت گردوں نے دھند کا فائدہ اٹھا کر بے گناہ طلبا کو نشانہ بنایا اس لئے وقت مناسب پر ہمارا اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ بالکل درست ہے، اسکولوں کی چھٹیوں کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو بھی درست کرلیا جائے گا۔