گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ کی 8 ماڈل منڈی مویشیاں میں دوبارہ ٹھیکیدارانہ نظام راج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا آغاز نئے مالی سال سے ہو گا۔ پنجاب حکومت نے مویشی پالنے والے افراد کو منڈی مافیا کے استحصال سے بچانے کیلئے رواں مالی سال کے شروع میں تمام اضلاع میں قائم منڈی مویشیاں کے ٹھیکہ جات ختم کرکے ان کو ضلعی حکومتوں کی تحویل میں دے دیاتھا۔
اسی سلسلہ میں پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح گوجرانوالہ سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع کی 19 منڈیوں کو ختم کرکے صرف 8 منڈیوں کوماڈل قرار دے کر مویشیوں کی خرید و فروخت پر فیس اور ٹیکس ختم کر دیا گیا تھا۔ سیالکوٹ گجرات میں دو دو گوجرانوالہ سمیت دیگر اضلاع میں ایک ایک ماڈل منڈی مویشیاں قائم کی گئی تھی ۔ ان منڈیوں میں گزشتہ 6 ماہ سے ہفتہ میں 6 دن مویشیوں کی خرید و فروخت جاری ہے جبکہ خریدار اور فروخت کندہ سے کوئی ٹیکس یا فیس کی وصولی نہیں کی جا رہی ہے۔
ان منڈیوں کی چار دیواری، شیڈ، واٹر سپلائی، سیوریج، بجلی، ہوٹل، ڈسپنسریاں، مساجد، پارکنگ، کینٹین، بیت الخلا، سکیورٹی اور ویٹرنری ڈسپنسری کی تعمیر کیلئے کروڑوں روپے کا فنڈ بھی جاری کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے نئے مالی سال سے گوجرانوالہ کی 8 سمیت پنجاب بھر کی تمام ماڈل منڈی مویشیاں میں دوبارہ سے ٹھیکیداری نظام رائج کرنے کا ختمی فیصلہ کر لیا ہے جس کیلئے تمام تر تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔