پنجاب شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پا کر اندھیرے ختم کرنے کا چیلنج قبول کیا ہے

گجرات۔17 جولائی2013 وزیر اعلی پنجاب کے کوآرڈینیٹر برائے توانائی شاہد ریاض گوندل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پا کر اندھیر ے ختم کرنے کا چیلنج قبول کیا ہے، اس مقصد کے لئے نئے منصوبہ جات کے ساتھ موجودہ وسائل کو بھی پوری استعداد اور صلاحیت سے استعمال کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادیوال پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ایس ای منگلا عبدالقیوم بابر اور ریذیڈنٹ ڈائریکٹر شادیوال راجہ صغیر احمد نے انہیں بریفنگ دی۔ ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی، ایم این اے چوہدری جعفر اقبال، ایم پی ایز حاجی عمران ظفر، نوابزادہ حیدر مہدی، سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود، ایس ای گیپکو گجرات محمد شبیر طور، اے ای ایس او فیاض احمد موہل، ایس ڈی او محمد اشرف اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی ٰ پنجاب کے کوآرڈینیٹر برائے توانائی شاہد ریاض گوندل نے کہاکہ موجودہ بدترین لوڈ شیڈنگ نے معیشت تباہ کرکے رکھ دی ہے ان حالات میں بجلی کا ہر واٹ، کلو واٹ اور میگا واٹ قوم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیح پاور جنریشن کے ایسے منصوبے ہیں۔

جن سے حاصل ہونے والی بجلی عوام کی قوت خریدسے باہر نہ ہو۔ شاہد ریاض گوندل نے بتایا کہ شادیوال پاور ہاوس میں بجلی پید اکرنے کی صلاحیت 13.5 میگا واٹ ہے۔ جبکہ اس وقت یہ پاور ہاوس 3.8 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا ہے جو اسکی کل استعداد کا 25 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے جو وسائل درکار ہوئے وہ فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی ٰ پنجاب کی ہدایت پر تین ہفتے قبل انہوں نے رسول پاور اسٹیشن کا دورہ کیا تھا جہاں اس وقت 4 میگا واٹ بجلی پید ا ہو رہی تھی لیکن اب پر وڈکشن 12 میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے اسی طرح شادیوال پاور پر اجیکٹ کی پیداواری صلاحیت بھی بڑھائی جائے گی۔ شاہد ریاض گوندل نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں کہیں بھی ایک لمحے کے لئے بجلی بند نہ ہو تاہم مجبورا بجلی بند کرنا پڑتی ہے جس کی وجہ گذشتہ حکومت کی طرف سے بجلی
کی پیداوار پر توجہ نہ دینا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا سسٹم بھی بر ی طرح ناکا رہ ہو چکا ہے اور اگر بیک وقت مزید 6ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے تو ترسیلی نظام اسکی صلاحیت ہی نہیںرکھتا۔ انہوں نے بتا یا کہ ترسیلی نظام کی بہتری این ٹی ڈی سی کی ذمہ داری ہے لیکن گذشتہ پانچ سال میں اس جانب توجہ ہی نہیں دی گئی۔ شاہد ریاض گوندل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا ہے جس کے نتیجے میں چینی کمپنیاں دوبارہ نندی پور پاور پراجیکٹ پر کام شروع کرنے پر آمادہ ہوئی ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ اس پرا جیکٹ کی لاگت 22 ارب روپے سے بڑھ کی 57 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیلم جہلم ہائیڈل پر اجیکٹ کی تکمیل سے 950 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی جبکہ وزیر اعظم پاکستان نے ہدایت کی ہے کہ پر اجیکٹ کی تکمیل تک ترسیلی نظام بھی مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیح شفافیت ہے یہی وجہ ہے کہ سرمایہ کار پاکستا ن کا رخ کر رہے ہیں۔ قبل ازیں شاہد ریاض گوندل نے شادیوال پاور ہائوس کا معائنہ بھی کیا۔