اسلام آباد (جیوڈیسک) پنجاب اور سندھ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق جوابات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ فتح ملک کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے۔
کہ گورنر سندھ نے بلدیاتی حلقہ بندیوں کے آرڈیننس کے مسودے پر کچھ تیکنیکی اعتراضات اٹھائے ہیں۔ اعتراضات دور ہوں تو آرڈیننس جاری کر دیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ پہلے وفاق قانون سازی کرے گا پھر پنجاب کرے گا۔
الیکشن کمیشن نے بھی وفاق کی قانون سازی تک صوبائی قانون سازی سے روکا ہے۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دینے کیلئے قانون سازی کا عمل پہلے وفاق نے شروع کرنا ہے۔ چند روز قبل کے پی کے نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق آرڈیننس جاری کیا تھا جس کے تحت بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا گیا تھا۔