سرگودھا (جیوڈیسک) صوبے بھر میں سولر پراجیکٹ لگانے کی ہدایت اور ضلعی حکومتوں سے سولر انرجی سسٹم پراجیکٹ لگانے کے لئے سرکاری رقبوں کی فوری طور پر تفصیلات طلب کر لی گئیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پنجاب بھر میں سولر پراجیکٹ لگانے کی منظوری دیتے ہوئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
جاری مراسلہ میں ایڈمنسٹریٹرز کو پراجیکٹس لگانے کیلئے سرکاری رقبوں میں سے مناسب جگہوں کی نشاندہی کرکے ایک ہفتہ میں رپورٹ بھجوانے کا کہا گیا ہے۔
سولر پراجیکٹس کا مقصد سولر پینلز کے وسیع استعمال کے لئے درکار آلات اور اشیاء مقامی سطح پر تیار کی جائیں گی جس سے سولر پینلز کی لاگت میں بھی کمی واقع ہو گی اور سولر سسٹم کی عام صارف تک رسائی ممکن ہو گی۔
اس ضمن میں واپڈا اور ضلعی افسران پر مشتمل جائنٹ ایکشن کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں جنہیں اس حوالے سے فیزبیلٹی رپورٹس مکمل کر کے دیئے گئے ہدف میں حکومت کو ارسال کرنے کی پابند بنایا گیا ہے۔