پنجاب (جیوڈیسک)پنجاب نگران کابینہ نے صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مشترکہ مفادات کی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے ہفتے میں دو چھٹیوں کا بھی اعلان۔ وزیراعلی نجم سیٹھی کی ز یرصدارت ایوان وزیراعلی میں پنجاب کی نگران کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے فوری خاتمے اور مشترکہ مفادات کی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔
کابینہ نے ہفتہ میں دو چھٹیوں کا اعلان کرتے ہوئے قرار دیا کہ صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے، پورے ملک میں یکساں لوڈشیڈنگ ہونی چاہیئے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لئے حالات فوری اقدامات کے متقاضی ہیں۔ تاہم احتجاج کی آڑ میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے اہم ایشو پر وہ اپنی ٹیم کے ساتھ جلد نگران وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کررہے ہیں۔ نگران وفاقی حکومت کو لوڈ شیڈنگ میں کمی کے حوالے سے ٹھوس تجاویز دیں گے۔ پنجاب حکومت بجلی کی بچت کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے گی۔ عام انتخابات شفاف او رپرامن انداز سے کرانے کے لئے موثر سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیاہے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ صوبے بھر میں الیکشن کمیشن کے وضع کردہ اصولوں کے تحت ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنائیں گے اور الیکشن کمیشن کو ہر طرح کی معاونت فراہم کریں گے۔ صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
وزیراعلی نے ہدایت کی کہ الیکشن ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کی تربیت یقینی بنائی جائے۔ دہشت گردی کے ممکنہ واقعات کی روک تھام کے لئے سپیشل برانچ اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو پوری طرح متحرک کیا جائے۔ جبکہ حساس پولنگ اسٹیشن کی نشاندہی کرلی گئی ہے جہاں پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔