ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں سوائن فلو کے تین کیس سامنے آ گئے جبکہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد نے 25 سالہ فرح نامی خاتون میں سوائن فلو وائرس کی تصدیق کر دی۔
تونسہ کی رہائشی 25 سالہ فرح ابرار جبکہ ملتان کی رہائشی روبینہ بی بی کو سوائن فلو کے باعث نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں خون کے نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھیجے گئے۔
ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر عاشق حسین کے مطابق 25 سالہ فرح ابرار میں سوائن فلو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ روبینہ کے ٹیسٹ کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔ ہسپتال کے ایک ڈاکٹر سعید بھی اس بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
ایم ایس نشتر کے مطابق سوائن فلو کی شکار دونوں مریضوں فرح ابرار اور روبینہ کو انتہائی نہگداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر سعید کی حالت بہتر ہونے پر انہیں گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔