پنجاب حکومت نے طاہر القادری کے خلاف عوام کو تشدد پر اکسانے کا مقدمہ درج کرا دیا

Tahir-ul-Qadri

Tahir-ul-Qadri

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف عوام کو تشدد پر اکسانے کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

لاہور کے فیصل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف درج مقدمہ پنجاب حکومت نے کرایا ہے۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ طاہر القادری تقاریر کے ذریعے اپنی جماعت کے کارکنوں کو تشدد پر اکسارہے ہیں اور ریاست کو اشتعال دلا کر ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر قانون پنجاب رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف ایک شہری کی جانب سے درخواست آئی ہے جس میں ان پرالزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ عوام کو اکسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اتوار کے روز اپنی پریس کانفرنس کے دوران کارکنوں کو کہا تھا کہ یوم شہدا کے دن امن کی چوڑیاں پہن کر نہ آئیں بلکہ جو پولیس اہلکار ان کے گھر میں گھسے کارکن جتھے کی صورت میں اس کے گھر میں گھس جائیں۔