لاہور (جیوڈیسک) پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے یونیورسٹی ہاسٹل میں غیر قانونی رہائشیوں کے خلاف آپریشن کے دوران 15 افراد کو حراست میں لیکر تھانہ مسلم ٹاون پولیس کے حوالے کر دیا۔
پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ یونیورسٹی نیوکیمپس ہاسٹل نمبر 18 میں کچھ غیر قانونی افراد رہائش پذیر ہیں، جن کا یونیورسٹی سے کوئی تعلق نہیں، جس پر ہاسٹل میں صبح سویرے چھاپہ مارا گیا۔
اس دوران ہاسٹل نمبر 18 کے مختلف کمروں میں مقیم 15 افراد کو حراست میں لیکر پولیس کے حوالے کر دیاگیا ،جن کے خلاف سرکاری املاک پر ناجائز قبضے کا مقدمہ درج کرایا جا رہا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی ہاسٹل میں غیر قانونی رہائشی افراد کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔