لاہور (فرخ شہباز وڑائچ) پنجاب یونیورسٹی شعبہ ابلاغیات میں مولانا ظفر علی خاں کے 143ویں یوم پیدائش پر اُن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا انعقاد ادارہ علوم ابلاغیات کی لائبریری جو کہ مولانا ظفر علی خاں کے نام سے منسوب ہے میں کیا گیا ہے۔
جس موقع پر ڈائریکٹر انچارج ڈاکٹر نوشینہ سلیم،اسسٹنٹ پروفیسر شبیر سرور، اسسٹنٹ پروفیسر عامر محمود باجوہ،صدر آئی ۔سی۔ایس کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی فرخ شہباز وڑائچ، صدر ویمن ونگ خدیجہ ظفر، نائب صدر سعید احمد سمیت طلباء و طالبات کی کثیر تعدادنے مل کر کیک کاٹا۔اس موقع پر ڈاکٹر نوشینہ سلیم کا کہنا تھا کہ بابائے صحافت مولانا ظفر علی خاں بیسویں صدی کے عظیم صحافی تھے۔
جن کی برصغیر پاک و ہند میں صحافت اور ادب میں بے پناہ خدمات ہیں۔جوآج بھی نوجوان طلباء و طالبات کے لیے مشعل راہ کی سی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارہ علوم ابلاغیات نے مولانا کی گراں قدر خدمات کوسراہتے ہوئے ادارے کی لائبریری ،ایک ہال اور ایک کرسی کو مولانا کے نام سے منسوب کر رکھا ہے۔
ڈائریکٹر انچارج نے آئی۔سی۔ایس کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کا اس طرح کے پروگرام کا انعقاد خوش آئند ہے۔