لاہور (فرخ شہباز وڑائچ) پنجاب یونیورسٹی شعبہ ابلاغیات میں آئی سی ایس کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے تحت کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈائریکٹر شعبہ ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم،انچارج طلبہ امور پروفیسر شبیر سرور،پروفیسر عامر باجوہ،پروفیسر فہد محمود،صدر آئی سی ایس کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی فرخ شہباز وڑائچ،صدر ویمن ونگ خدیجہ چشتی ،نائب صدر سعید احمدسعید نے کی۔
واک میں فیکلٹی ممبران ،سٹاف اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے کہا کشمیری مظلوم عوام سے ہمارا رشتہ ڈھکا چھپا نہیں ہے ہم کشمیری عوام کے حقوق کے لیے دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا بنیادی انسانی حق دلوانے میں ناکام ہو چکی ہے۔
پروفیسر شبیر سرور نے کہا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ امر خوش آئیند ہے کہ آج ہماری نوجوان نسل میں کشمیریوں سے محبت کا جذبہ موجود ہے۔صدر آئی سی ایس کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی فرخ شہباز وڑائچ نے اس موقع پر طلبا و طالبات سے حلف لیا کہ وہ کشمیر کی مظلوم عوام کے لیے پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی تمام تر ہمدردیاں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ واک میں شریک طلبا و طالبات نے ”کشمیر بنے گا پاکستان” اور ”کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیا جائے” کے نعروں سے مزین بینرز،پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔کشمیر یکجہتی واک کا آغاز ادارہ علوم ابلاغیات سے ہوا، واک کا اختتام شعبہ سوشیالوجی پر ہوا۔