پنجاب یونیورسٹی ہاسٹل میں کسی بھی القاعدہ رہنماء کو پناہ نہیں دی گئی۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی

لاہور (7ستمبر 2013) اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ جمعیت نے یونیورسٹی ہاسٹل میں کسی بھی القاعدہ رہنما کو پناہ نہیں دی۔ جمعیت کسی بھی خفیہ سرگرمی پر یقین نہیں رکھتی اور نہ ہی کسی ایسی سرگرمی کا حصہ ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ القاعدہ کے طریقہ کار کو غلط سمجھتی ہے۔

گذشتہ دنوں پنجاب یونیورسٹی ہاسٹل میں ہونے والے واقعے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی نے کہا کہ واقعے کو بنیاد بنا کر اسلامی جمعیت طلبہ کے تشخص کو مجروح کیا جارہا ہے۔جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔

پنجاب یونیورسٹی میں ہونے والے واقعے سے جمعیت کا کوئی تعلق نہیں ہے واقعے کو جمعیت سے جوڑنا صحیح نہیں اور جمعیت کے خلاف گہری اور مذموم سازش ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کی مثبت اور صحت مند سرگرمیاں ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں سب کے سامنے ہیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان نے ہمیشہ ملک کی سالمیت اور سلامتی کے لئے جدوجہد کی ہے اور پاکستان کی تاریخ اس کی شاہد ہے۔