لاہور (جیوڈیسک) پنجاب یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ایگری کلچرل سائنسزمیں جشن بہاراں کا میلہ سجایا گیا ،پنجابی زبان ،لباس اور دیگر ثقافتی رنگوں نے بہارکا سماں باندھے رکھا ۔
پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ایگری کلچرل سائنسز کےزیر اہتمام پنجاب کلچر کے موضوع پر میلہ سجا یا گیا،مٹی کے گھڑے ، حقہ اوربیٹھک سے پنجاب کا ایک ایک رنگ چھلک رہا تھا،طلبہ اور طالبات نے بہار رنگوں کے لباس بھی زیب تن کر رکھے تھے ،کچھ طلباء تہمد کے روایتی پہنائووں میں بھی نظر آئے۔
میلے کے موقع پر طلبہ وطالبات نے کرپشن پر مزاحیہ پنجابی ڈرامہ پیش کیا ، طلبہ نےاداکاری کے جوہر دکھائے، قہقہوں اور مسکراہٹوں میں اپنا پیغام بھی دے دیا، طالبات میں پھولوں کی سجاوٹ کامقابلہ تو تھا ہی لیکن کچھ طالبات نے پھولوں کے زیورسے بھی خود کو آراستہ کر رکھا تھا۔