لاہور (جیوڈیسک) پنجاب یونیورسٹی میں اساتذہ پر مبینہ تشدد کے واقعے کے بعد حالات میں کشیدگی برقرار ہے، ہاسٹلز کے طلبہ کی بڑی تعداد گھروں کو لوٹ گئی۔
پنجاب یونیورسٹی کے دو اساتذہ پر طلبہ کے مبینہ تشدد کے واقعے کے بعد سے یونیورسٹی میں حالات کشیدہ ہیں، لا کالج کے اساتذہ عمران عالم اور ڈاکٹر نعیم اللہ خان نے الزام عائد کیا تھا کہ طلبا تنظیم کے افراد نے ان پر تشدد کیا، جس پر پچاس طلبا پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس اب تک دو نامزد طلبہ سمیت تیرہ افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ گزشتہ رات پولیس کی جانب سے ہاسٹلز میں آپریشن کی مکمل تیاری کی گئی مگر رات گئے اسے موخر کر دیا گیا۔
ہاسٹلز میں مقیم طلبہ کی بڑی تعداد چھٹیوں اور متوقع آپریشن کے خوف کی وجہ سے اپنے گھروں کو لوٹ چکی ہے جس کی وجہ سے ہاسٹلز قدرے ویران ہیں۔