پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 7 افراد جاں بحق، 18 زخمی

Traffic Accidents

Traffic Accidents

ساہیوال (جیوڈیسک) پنجاب کے شہروں شیخوپورہ اور ساہیوال میں مختلف ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے۔

پہلا حادثہ شیخوپورہ میں پیش آیا، جہاں سرگودھا روڈ پر خانقاں ڈوگراں سے فاروق آباد جانے والے رکشے کو مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار آئل ٹینکر نے ٹکر مار دی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں رکشے میں سوار میاں بیوی سمیت 4 افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

لاشوں اور زخمیوں کو ریسکیو اہلکاروں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال شیخوپورہ منتقل کردیا۔

دوسری جانب ساہیوال کے قریب چیچہ وطنی بائی پاس پر ایک مسافر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ بس ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا، حادثے کا شکار بس ملتان سے لاہور جا رہی تھی۔