اسلام آباد (جیوڈیسک) پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم تحریک طالبان، القاعدہ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے 109انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری کر دی ہے اور ان کے سروں کی بھاری قیمت مقرر کر دی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ریڈ بک میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والی لاہور کی دو خواتین بھی شامل ہیں۔ ریڈ بک میں جن دہشت گردوں کے نام درج کیے گئے ہیں۔
ان کا تعلق القاعدہ، لشکر جھنگوی، ٹی ٹی پی، لشکر خراساں، جیش محمد، قاری عبید اللہ گروپ اور بیت اللہ محسود گروپ شامل ہے۔ دہشت گردوں کے سروں کی قیمت ایک کروڑ سے پانچ لاکھ روپے تک ہے۔
پانچ سے زائد دہشت گردی کے واقعات میں مطلوب استاد طلحہ کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے، امیر لشکر خراساں قاری عبید اللہ کے سر کی قیمت 50لاکھ ہے۔
بے نظیر شہید کے قتل میں ملوث بیت اللہ محسود کے دہشت گرد قراراللہ کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے ہے۔ درہ آدم خیل کا طالبان کمانڈر طارق عرف کامی بھی ریڈ بک میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق انتہائی خطرناک دہشت گردوں کی ریڈ بک پنجاب پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کو ارسال کر دی گئی ہے جس کے بعد ان کی گرفتاری کو یقینی بنایاجائے گا۔