پنجابی خاندانوں کو پاکستان کا مفت سفر کرایا جائے گا، بھوپندر سنگھ

Bhupinder Singh

Bhupinder Singh

کراچی (جیوڈیسک) محمد رفیق مانگٹ بھارتی اخبار”ہندوستان ٹائمز“ کے مطابق ہریانہ کے وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہدا نے اعلان کیا ہے کہ تقسیم ہند کے وقت پاکستان سے ہجرت کرنے والے پنجابی خاندانوں کو پاکستان کا مفت سفر کرایا جائے گا، ویزا قوانین میں نرمی کے بعد بغیر کسی اخراجات کے پاکستان میں انکے آبائی گاوٴں کا دورہ کرایا جائے گا۔

اس وقت میں بھارتی اور پاکستانی حکام ویزا کے ضوابط میں نرمی پر کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنچکولا میں پنجابی یکتا منچ کے” پنجابی ملن سامروح“کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔پنجابی زبان میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھوپندر سنگھ ہدا نے کہاکہ پنجابی کمیونٹی کے بہت سے خاندانوں نے 1947 میں تقسیم کے دوران بھارت ہجرت کی تھی انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جن کی جنم بھومی پاکستان ہے اور وہ اپنی جائے پیدائش دیکھنے کے خواہاں ہیں انہیں ویزا ضوابط میں نرمی کے بعدکسی بھی سفری یا دیگر اخراجات ادا کیے پاکستان کا مفت سفر کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجابیوں نے ہریانہ ریاست کو نمبر ون بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 2005 میں وزیراعلیٰ بننے کے بعد پنجابی زبان کو ہریانہ میں دوسرا درجہ دلایا۔ انہوں نے سرکاری اسکولوں میں پنجابی موضوع کے اساتذہ کی بھرتی کی پالیسی تیار کی ہے۔ اب اقتصادی طور پر کمزور پنجابی خاندانوں کو دیگر ذاتوں کی طرح 10 فیصد ریزرویشن بھی ملے گا۔

انہوں نے بھگت سنگھ اور مدن لال ڈھینگرا کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجابیوں نے تحریک آزادی میں ایک عظیم کردار ادا کیا تھا۔