ماسکو (جیوڈیسک) روسی وزیر خارجہ سیرگی لافروف نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ کشیدگی دور کرنے کے لیے صدر ولادی میر پوتین عن قریب اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
روس کی سرکاری نیوز ایجنسی کی جانب سے منقولہ بیان میں لافروف کا کہنا ہے کہ امریکا روس باہمی کشیدگی دور کرنے اور تعلقات میں بہتری لانے کے خواہاں ہیں۔ اس حوالے سے جلد ہی دونوں ملکوں کے صدور کی ملاقات ہوگی۔
خیال رہے کہ پچھلے ماہ فن لینڈ کے دارالحکومت ھلسنکی میں ٹرمپ اور پوتین کے درمیان ہونے والی ملاقات کےبعد امریکا کے بعض سیاسی حلقوں نے صدر ٹرمپ کی روس کے حوالے سے پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس تنقید کے بعد ٹرمپ اور پوتین کی باہمی ملاقات رواں سال کے بجائے آئندہ سال کے لیے ملتوی ہوگئی تھی۔
چند روز قبل روسی صدر ولادی میر پوتین نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو ماسکو دورے کی دعوت دی تھی۔
روس امریکی قیادت سے ملاقات کے ذریعے امریکا اور یورپ کی جانب سے پابندیاں اٹھانے کی راہ ہموار کررہا ہے۔
وزیر خارجہ لافروف نے کہا کہ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان وزارت خارجہ کی سطح پر رابطے قائم ہیں۔ ہم برابری کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔