لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت کی اتحادی جماعت ق لیگ نے حکومت سے پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بدھ کے روز مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کی زیرصدارت ہوا جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی، سینیٹر کامل علی آغا شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الٰہی، مسز فرخ خان، صوبائی وزراء حافظ عمار یاسر، باؤ رضوان، ارکان پنجاب اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی، عبداللہ یوسف وڑائچ، ڈاکٹر محمد افضل، احسان الحق چوہدری، شجاعت نواز اجنالہ اور خدیجہ عمر اجلاس نے شرکت کی۔
اس موقع پرچوہدری پرویزالہٰی نے اپوزیشن رہنماؤں سے حالیہ ملاقاتوں پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا جس پر تمام ارکان اسمبلی نے چوہدری پرویزالہٰی کو فیصلوں کا اختیار دے دیا۔
اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگوکی گئی اور تمام ارکان اسمبلی نے اپنی آراء کا کھل کر اظہار کیا۔
حافظ عمار یاسر نے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کروائی۔
اس کے علاوہ مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے پیٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔
ارکان اسمبلی نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات کو سنبھالنا مشکل ہوجائے گاجبکہ حکومت غریب آدمی کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔