ق لیگ کی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سینٹ اور پنجاب اسمبلی میں قراردادیں

لاہور : پاکستان مسلم لیگ نے سینٹ اور پنجاب اسمبلی میں بجلی کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کے خلاف سینٹ اور پنجاب اسمبلی میں قراردادیں جمع کرواتے ہوئے حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، سینٹ میں سینیٹر کامل علی آغا اور پنجاب اسمبلی میں ق لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین کی طرف سے قرارداد جمع ہوئی سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ سفید پوش بچوں کے لیے نئے کپڑے نہ خرید سکنے پر غم زدہ ہیں۔

خود کشیاں ہو رہی ہیں اس دوران حکومت نے بجلی بم گرا کر ہر طبقہ کے افراد کی کمر توڑ دی ہے، انہوں نے کہا کہ کمرشل صارفین پر پڑنے والا بوجھ بھی بلآخر عام آدمی اٹھائے گا، انہوں نے کہا کہ عوام کے درد میں آہیں بھرنے والی ن لیگ اقتدار کے ایوانوں میں داخل ہوکر دیکھنے ، سننے اور سمجھنے کی صلاحیت کھو بیٹھی ہے۔

دریں اثناء ق لیگ پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے پھول نگر میں مزاحمت پر ڈاکوئوں کے ہاتھوں قتل ہونے والی لڑکی کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس جمع کروایا، عامر سلطان چیمہ، ڈاکٹر محمد افضل اور سردار آصف نکئی نے جوزف کالونی متاثرین کو پنجاب حکومت کی طرف سے ملنے والے چیک ڈس آنرہونے اور متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے نہ کیے جانے پر پنجا ب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائی۔