لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے ملاقات کی جس میں عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی اہم ملاقات میں حمزہ شہباز، رانا ثناء الله اور دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں طاہر القادری کی وطن واپسی پرانہیں گرفتار کرنے کی حکمت عملی ، تحریک انصاف کے 30 نومبر کے احتجاج اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ملاقات میں پنجاب حکومت کی جانب سے علامہ طاہر القادری کو وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کی تجویز دی گئی جس پر حتمی فیصلہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ عمران خان کو قانون کے اندر رہتے ہوئے احتجاج کرنے کی اجازت دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔