لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیرِ اعلٰی میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وہ کسی قادری کو نہیں جانتے۔ شمالی وزیرستان سے بے گھر ہونے والے افراد (آئی ڈی پیز) کے لیے حکومتِ پنجاب کی جانب سے امدادی اشیاء کی پہلی کھیپ روانہ کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں وزیرِ اعلٰی نے کہا ’’میں نہیں جانتا کہ آپ کس قادری کے بارے میں بات کررہے ہیں، ملک کے اندر تو لاکھوں قادری ہیں۔‘‘ انہوں نے اس معاملے پر مزید بات کرنے سے انکار کردیا۔
وزیرِ اعلٰی نے میڈیا کو بریفنگ دی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے گھر ہونے والے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے لیے وزیرِ اعلٰی پنجاب کا ایک امدادی فنڈ پچاس کروڑ روپے کی رقم کے ساتھ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی کابینہ اور صوبائی اسمبلی کے اراکین اپنی ایک مہینے کی تنخواہ اس فنڈ میں عطیہ کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے دس کروڑ روپے کی مالیت کی امدادی اشیاء بے گھر ہونے والے افراد کے لیے بھیجی جارہی ہیں۔ پچاس ٹرکوں پر لدی امدادی سامان کی پہلی کھیپ جس میں چاول، آٹا، دالیں اور دیگر ضروریات زندگی شامل ہیں، فوری طور پر بھیجی جارہی ہیں۔جبکہ اگر ضرورت ہوئی تو مزید امدادی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مخیر حضرات اور معاشرے کے صاحبِ حیثیت طبقے سے اپیل کی کہ وہ اپنے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی مدد کریں اور امدادی فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں۔