کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی کارگردگی پر مکمل اطمینان کااظہارکیا ہے۔
واضح کیا ہے کہ قائم علی شاہ بدستور وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے،ان کی تبدیلی کاکوئی فیصلہ یامعاملہ زیر غور نہیں ہے ، پارٹی قیادت ان پر مکمل اعتماد کرتی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول ہائوس میں ہفتے کو پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے پارٹی کی سینئر رہنمائوں سے مشاورت کی ، اس مشاورت میں ملک کی مجموعی صورتحال ، پارٹی امور اور سندھ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے اس مشاورت میں پارٹی قیادت نے اتفاق کیا کہ مفاہمتی پالیسی کو جاری رکھا جائے گا ، اس مشاورت میں واضح کیا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی کارگردگی سے پارٹی قیادت مطمن ہے اور وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی گئی ہے وہ سندھ میں عوام کے مسائل کے لیے بھر پور اقدامات کریں، قبل ازیں بلاول ہائوس میں پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے کراچی ڈویژن کے صدر قادر پٹیل نے ملاقات کی ،اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے ،انھوں نے کراچی میں پارٹی کے تنظیمی امور پر بریفنگ دی۔