کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مسلح جھڑپوں میں دو سکیورٹی اہلکار اور چار دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے ہیں، جبکہ پنجگور میں ایف سی اور منگوچر میں لیویز اہلکار کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
اُدھر ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کو مصدقہ خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں، جو بلوچستان کے کسی علاقے میں دہشت گردی کی بڑی واردات کرنے والے ہیں۔
علاقے میں آپریشن کیا گیا۔ کاروائی کے دوران، فائرنگ کے تبادے میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے دو سپاہی محمد وارث شابان ضلع جھنگ اور میر عالم گلگت بلتستان، غزر شہید اور دو زخمی ہوئے۔
دہشت گردوں کے ٹھکانے سے دو خودکش جیکٹ، اسلحہ اور بڑی مقدار میں بارود برآمد کیا گیا ہے۔
ادھر پنجگور میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے فرنٹیر کور بلوچستان کا ایک اہلکار حسن بھنکر اور منگوچر میں لیویز اہلکار کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا۔ بدھ کی صبح بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے تھے، جن میں ایک شخص اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ان واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی طرف سے قبول نہیں کی گئی۔