کراچی (جیوڈیسک) رینجرز کی حراست میں وائس چیئرمین فش ہاربراتھارٹی سلطان قمر صدیقی نے دوران تفیش اہم انکشافات کئے ہیں جب کہ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ لیاری گینگ وار کے کارندوں کی رقم ہنڈے کے ذریعے بیرون ملک بھجواتے تھے۔
رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ سلطان قمر صدیقی نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ لیاری گینگ وار کے کارندوں کی رقم ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھجواتے تھے جب کہ یہ رقم لیاری گینگ وار کا اہم کارندہ تاج محمد تاجو تاجروں کو اغوا کر کے حاصل کرتا تھا اور انہوں نے ایک ارب روپے سے زائد رقم ہنڈی کے ذریعے دبئی اور ملائشیا منتقل کی ہے۔
رینجرز ذرائع کے مطابق ملزم سلطان قمرصدیقی انتہائی ہوشیار اور چالاک ہے جس نے گینگ وار کے ملزمان سے رابطے کے لئے کبھی فون یا لینڈ لائن نمبر استعمال نہیں کیا بلکہ رابطے کے لئے وہ کبھی خود ان کے پاس جایا کرتے ہوئے پرچیاں فراہم کرکے تاجروں کے اغوا سے متعلق انہیں آگاہ کرتے۔
دوران تفتیش معلوم ہوا ہے کہ ملزم سلطان قمرصدیقی کے اثاثوں میں ایک اسلحہ کی دکان، بنگلہ، 4 لگژری فلیٹس اور کار شورومز ہیں جن کی مالیت 70 کروڑ روپے بنتی ہے۔