اسلام آباد (جیوڈیسک) دنیابھر میں بینکنگ، ہوٹلنگ، رئیل اسٹیٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرن والے قطر کے شیخ حمادبن جاسم الثانی اور انکے کاروباری ادارے المرقاب گروپ نے پورٹ قاسم کراچی کے مقام پر 660 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے 2 علیحدہ علیحدہ کول پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف 6 مئی کو مجموعی طور پر 1320 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے ان دونوں منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ المرقاب گروپ نے اس سے قبل امریکہ، یورپ ،ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔
ان کی کاروباری دلچسپی کے شعبوں میں ہوٹلنگ ، بینکنگ ، رئیل سٹیٹ مخصوص صنعتیں ہیں مگر پہلی بارالمرقاب گروپ نے پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ المرقاب گروپ کو کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کرنے کے چین کے ماہر کاروباری گروپ سائینوہائیڈرو ریسورسز لمیٹڈ کی تکنیکی معاونت حاصل ہے۔