استنبول (جیوڈیسک) ترک وزیر خارجہ مولود شاوس اوغلو نے واضح کیا ہے کہ قطر میں ان کے ملک کا فوجی اڈا خطہ خلیج کی سکیورٹی کے لیے ہے اور یہ کسی خاص ملک کے لیے نہیں ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے یہ بیان بحرینی وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد آل خليفہ کے استنبول کے دورے کے موقع پر جاری کیا ہے۔بحرینی وزیر خارجہ نے ہفتے کے روز ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کی ہے اور ان سے قطری بحران کے تناظر میں خطے کی تازہ صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
مولود شاوس اوغلو کے مطابق ترک صدر نے شیخ خالد بن احمد سے گفتگو کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ قطر کے ساتھ تنازع رمضان کے اختتام تک طے کر لیا جائے گا۔
سعودی عرب ، مصر ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے جمعے کو قطر سے تعلق رکھنے والے دسیوں افراد اور گروپوں کو دہشت گرد قرار دے دیا تھا۔
اس سے پہلے گذشتہ سوموار کو ان چاروں ممالک نے بیک وقت اور مشترکہ طور پر قطر کے ساتھ سفارتی ،تجارتی اور سیاسی تعلقات توڑ لیے تھے۔
انھوں نے قطر پر دہشت گرد اور انتہا پسند گروپوں اور ایران کی حمایت کا الزام عاید کیا تھا۔