دوحہ (جیوڈیسک) قطر نے تاریخ میں پہلی بار امریکا سے جنگی ساز و سامان خریدنے کا معاہدہ کیا ہے، معاہدے کے تحت امریکا قطر کو 11 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرے گا۔
قطر کے وزیر دفاع میجر جنرل حماد بن علی نے واشنگٹن میں ایک تقریب کے دوران اس معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر امریکی وزیر دفاع چک ہیگل بھی موجود تھے۔ نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر امریکی حکام کا کہنا تھا۔
کہ اس معاہدے کے تحت قطر کوپیٹریاٹ میزائل سسٹم کی دس بیٹریاں بھی فراہم کی جائیں گی جو قطر پر داغے جانے والے میزائلوں کو ناکارہ بنانے میں مددگار ہوں گی۔
اس کے علاوہ 24 اپاچی ہیلی کاپٹرز اور 500 اینٹی ٹینک میزائل بھی خریدے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے حملے کے خطرے کے پیش نظر قطر اپنے ڈیفنس سسٹم کو مضبوط بنارہا ہے۔