قطر (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب اور قطر کی قومی فضائی کمپنیوں نے ساڑھے تین سال کے بعد اپنے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے اور دونوں فضائی کمپنیاں دوحہ اور الریاض کے درمیان پروازیں شروع کریں گی۔
قطر ائیرویز نے ٹویٹر پر اطلاع دی ہے کہ وہ 11 جنوری سے الریاض ،14 جنوری سے جدہ اور16 جنوری سے الدمام کے لیے پروازیں چلائے گی۔اس نے مزید کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ان شہروں کے لیے اپنے بڑے طیارے چلائے گی۔ان میں بوئنگ 777-300، بوئنگ 787-8 اور ائیربس اے 350 شامل ہیں۔
قطری کمپنی نے مزید کہا ہے کہ ’’ہم سعودی عرب میں اپنے تجارتی اور کاروباری شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعلق داری کے خواہاں ہیں۔اس کے علاوہ مملکت کے بڑے ہوائی اڈوں کے ساتھ بھی مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔‘‘
سعودی ائیرلائنز(السعودیہ) نے بھی ایک ٹویٹ میں سوموار سے الریاض اور جدہ سے دوحہ کے لیے پروازیں بحال کرنے کی اطلاع دی ہے۔
سعودی عرب نے چار جنوری کو قطر کے ساتھ واقع اپنی فضائی ، برّی اور بحری سرحدیں دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔پانچ جنوری کوالعُلا میں منعقدہ خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے سربراہ اجلاس میں سعودی عرب سمیت چار عرب ممالک نے قطر کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے قطر کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات بحال ہوگئے ہیں۔
اس ضمن میں ان ممالک اور قطر کے درمیان دوبارہ تعلقات کی بحالی کے لیے العُلا میں ایک سمجھوتا طے پایا تھا۔اس کے بعد قطرائیرویز نے گذشتہ جمعرات کو سعودی عرب کی فضائی حدود سے اپنے طیارے گزارنے کا اعلان کیا تھا۔