دوحا (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ خلیجی ریاست قطر کا بائیکاٹ دوحا کی دہشت گردی کی حمایت اور پشت پناہی کی وجہ سے کرنا پڑا ہے۔
ہالینڈ میں امارات کی خاتون سفیرہ حصہ عبداللہ العتیبہ نے ایک بیان میں کہا کہ قطر کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کی حمایت نے دوسرے خلیجی ملکوں قطر کے بائیکاٹ پر مجبور کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امارات کی کوشش ہے کہ دوحا حکومت کے بائیکاٹ کے کم سے کم منفی اثرات قطری عوام پر مرتب ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قطر کے بائیکاٹ کے حوالے سے امارات کے اقدامات نسلی امتیازات کے دائرے میں نہیں آتے۔
حصہ عبداللہ نے کہا کہ ابو ظبی کی کوشش ہے کہ قطر کے بائیکاٹ سے قطری شہریوں پر کم سے کم منفی اثرات مرتب ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ امارات نے قطری شہریوں کی میزبانی کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں۔ قطری شہریوں کے لیے امارات کے دروازے کھلے ہیں۔ وہ امارات کا سفر کر سکتے ہیں اور یہاں قیام کر سکتے ہیں۔