قطر کی برطانیہ، امریکا سمیت کئی ممالک میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری

Dollars

Dollars

برطانیہ (جیوڈیسک) امریکا اور سعودی عرب سمیت متعدد عرب ریاستوں کی جانب سے دہشت گردوں کی معاونت جیسے الزامات کا سامنا کرنے والے قطر نے، برطانیہ، امریکا اور کئی ممالک میں 335 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق قطر نے گزشتہ کئی برسوں میں صرف برطانیہ میں 35 ارب پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کی ہے جو آئندہ پانچ سال میں بڑھ کر 40 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

پراپرٹی ریسرچ کمپنی ڈاچا کے مطابق لندن میں قطر کے پاس 879 کمرشل اور رہائشی املاک ہیں ان میں سے 26 ملین اسکوائر فٹ زمین تجارتی زمرے میں آتی ہے۔

حال ہی میں قطر نے لندن کے مشہور ڈپارٹمنٹ اسٹور ہیرڈس کو بھی ایک اعشاریہ 5 ارب پاؤنڈ میں خریدا ہے۔ برطانیہ اپنی ضرورت کی قدرتی گیس کا تقریباً پورا حصہ قطر سے ہی درآمد کرتا ہے جو بڑے بڑے بحری جہازوں میں مڈفورڈ بندر گاہ کے جنوبی ٹرمینل سے ہوتا ہوا آتا ہے۔

اس ٹرمینل میں بھی قطر پٹرولیم کے 67 اعشاریہ 5 فیصد حصص ہیں۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے کارپوریٹ گھرانوں جیسے سینزبریی میں 22 فیصد، لندن ہیتھرو ایئرپورٹ میں 20 فیصد، برٹش ایئر ویز کی مالک کمپنی انٹرنیشنل ایئر لائنز گروپ میں قطر کے 20 فیصد حصص ہیں۔