جدہ (جیوڈیسک) سعودی عرب کی کابینہ کے وزراء نے کہا ہے کہ ان کی قطر کے عوام سے کوئی مخاصمت نہیں ہے بلکہ ان کی حکومت سے خطے بھر میں دہشت گردوں کی حمایت کی وجہ سے تحفظات ہے۔
جدہ میں سوموار کو سعودی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’قطر کے عوام خلیج اور عرب نظام کا لازمی حصہ ہیں۔قطری حکومت کے خلاف چار ممالک کی جانب سے کیے گئے اقدامات اس کو راہ راست پر لانے کے لیے ہیں۔اس نے خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کو توڑنے کی کوشش کی تھی۔اس نے عرب اور عالمی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور خطے کے ممالک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے اور ان کے داخلی امور میں مداخلت کی تھی‘‘۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں قطر کے ساتھ جاری سفارتی بحران سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب ،مصر ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے پانچ جون سے قطر کا بائیکاٹ کررکھا ہے۔انھوں نے قطر پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا الزام عاید کیا تھا جبکہ قطر اس الزام کی تردید کرتا چلا آ رہا ہے۔