قومی وطن پارٹی خیبرپختونخوا حکومت کا حصہ بن گئی، سکندر شیرپائو، انیسہ زیب نے حلف اٹھا لیا

KPK Assembly

KPK Assembly

پشاور (جیوڈیسک) قومی وطن پارٹی ایک بار پھر خیبرپختونخوا حکومت کا حصہ بن گئی، دو وزراء سکندر شیرپائو اور انیسہ زیب نے اپنی وزارتوں کا حلف اٹھا لیا ، قومی وطن پارٹی کے وزراء کو شامل کرنے کیلئے مشتاق غنی کی قربانی دے دی گئی۔

قومی وطن پارٹی دو سال بعد ایک بار پھر خیبرپختونخوا حکومت میں شراکت دار بن گئی جس کے دو وزراء کو صوبائی کابینہ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ دو ایم پی ایز کو وزیراعلیٰ کا معاونین خصوصی بنا دیا گیا۔

کابینہ میں شامل کئے جانے والے نئے وزراء میں سکندر شیر پائو اور انیسہ زیب طاہر خیلی شامل ہیں ۔ وزراء نے گورنر ہائوس میں اپنی وزارتوں کا حلف اٹھایا۔

گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی نے حلف لیا ، حلف برداری تقریب میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک ، صوبائی وزراء ، پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی کے رہنماوں نے بھی شرکت کی۔

نئے وزراء کو کابینہ میں شامل کرنے کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے وزیر اطلاعات مشتاق غنی کی قربانی دی جنہیں ان کی وزارت سے فارغ کر دیا گیا۔ وزیر اطلاعات مشتاق غنی کو اٹھارھویں ترمیم کے تحت فارغ کیا گیا جس کے تحت کابینہ میں وزراء کی تعداد چودہ سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔

دوسری جانب قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے کریم خان اور ارشد عمرزئی کو بھی وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا ۔کریم خان کو انڈسٹری جبکہ ارشد عمرزئی کو فنی تعلیم کے محکمے سونپے گئے ہیں۔