قلعہ عبداللہ : ایک بم ناکارہ بنا دیا گیا، دوسرا مٹی کا ڈھیر نکلا

Qila Abdullah

Qila Abdullah

قلعہ عبداللہ (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 262 قلعہ عبداللہ کے دو پولنگ اسٹیشنوں ملنے والے ایک بم کو ناکارہ بنادیا گیا جبکہ دوسراڈبہ مٹی کا ڈھیر نکلا۔ قلعہ عبداللہ میں پولنگ شروع ہونے سے پہلے پولنگ اسٹیشن محلہ بخت اور پولنگ اسٹیشن شاہ سوار کے قریب سے دو مشکوک ڈبے ملے تھے۔

جس کے بعد پاک فوج نے دونوں پولنگ اسٹیشنوں کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں موجود ووٹرز کو نکال دیا۔ کوئٹہ سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا، جو چھ گھنٹے بعد چمن پہنچا۔ جانچ پڑتال کے بعد پتہ چلا کہ محلہ بخت پولنگ اسٹیشن سے ملنے والا ڈبہ مٹی سے بھرا ہوا تھا۔

جبکہ پولنگ اسٹیشن شاہ سوار سے ملنے والے ڈبے میں ڈیڑھ سے دو کلو دھماکا خیز مواد موجود تھا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔ پولنگ اسٹیشن سے مبینہ طور پر ملنے والے مشکوک ڈبوں کی وجہ سے تین گھنٹے پولنگ رکی رہی، تاہم بعد میں الیکشن کمیشن کے عملے نے متبادل انتظام کرتے ہوئے ٹینٹ لگا کر ووٹنگ کا عمل شروع کردیا تھا۔