قمرعلی عباسی کا انتقال ادبی دنیا کا بڑا نقصان ہے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیووڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تمغہ امتیاز پانے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ کالم نگار، ادیب اورمصنف قمرعلی عباسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انھوں نے دنیائے ادب میں قمرعلی عباسی کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قمرعلی عباسی کا انتقال ادب کی دنیا کا بہت بڑا نقصان ہے۔

الطاف حسین نے مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔(آمین)۔ الطاف حسین نے معروف شاعر و نغمہ نگار ریاض الرحمن ساغر کے انتقال پر گہرے دکھ او رافسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مرحوم کہنہ مشق شاعر تھے انہوں نے نہ صرف پاکستانی بلکہ ہندوستانی فلموں کے لیے بھی یادگار نغمے تحریر کئے ۔انھوں نے مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوارن کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر جمیل عطا کرے ۔ (آمین)۔

علاوہ ازیں الطاف حسین نے ایم کیو ایم قصبہ علی گڑھ سیکٹر کے کا رکن پرویز احمد کے انتقال پرگہرے اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت
الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے (آمین) ۔ دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لیاری کے علاقے جونا کلری میں کچھی برادری کے گھروں پر لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کے قبضوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کچھی برادری کے گھروں پر قبضہ ختم کرایا جائے۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے لیاری اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گینگ وارکے مسلح دہشت گردوں نے کچھی برادری پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے ،گزشتہ کئی دنوں کے دوران لیاری گینگ وارکے دہشت گرد، لیاری کے مختلف علاقوں میں قتل و غار تگری کرکے کچھی برادری کے درجنوں افراد ہلاک وزخمی کرچکے ہیں لیکن آج تک نہ تو لیاری گینگ وارکے دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی اورنہ ہی کچھی برادری کے افراد کو جان ومال کا تحفظ فراہم کیا گیا۔

رابطہ کمیٹی نے ارباب اختیار اور اقتدار سے مطالبہ کیا کہ لیاری کے علاقے جوناکلری میں کچھی برادری کے گھروں پر لیاری گینگ وار کے قبضوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے ، کچھی برادری کے گھروں پرقبضہ ختم کرایا جائے، کچھی برادری کو جان ومال کا تحفظ فراہم کیا جائے اور لیاری میں کچھی برادری کے افراد کی جان ومال سے کھیلنے والے لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے۔