قائد آباد کے تاجر زاہد قریشی پر جھوٹے مقدمات ختم کر کے فوری رہا کیا جائے عبدالحمید قریشی
Posted on October 2, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی : انجمن تاجران قائد آباد کے صدر عبدالحمید قریشی نے کرائم برانچ پولیس کی جانب سے قائد آباد کے الیکٹرونک تاجر زاہد قریشی کی بھتہ خوری و غیر قانونی اسلحہ کے جھوٹے الزام میں گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا یہ عمل کراچی آپریشن کو متنازعہ بنانے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ قائد آباد سمیت پوری کراچی کے تاجروں نے بھتہ خوری و جرائم کے خلاف شروع کیئے جانے والے آپریشن پر سکھ کا سانس لیا تھا۔
کہ اب ان کی بھتہ خوری و جرائم پیشہ افراد سے جان چھوٹ جائی گی مگر قائد آباد کے تاجر زاہد قریشی کی من گھڑت الزامات نے کرائم برانچ پولیس کے ہاتھوں غیر قانونی گرفتاری نے تاجروں میں ہی خوف و ہراس پھیلا دیا ہے انہوں نے کہا کہ ضلع ملیر کے تمام تاجروں میں اس وقت شدید اشتعال پھیلا ہوا ہے۔
اور خاص طور پر قائد آباد جیسے اہم تجارتی مرکز میں سخت نقص امن کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور اگر بے گناہ تاجر زاہد قریشی کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو تمام تجارتی مراکز غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیئے جائیں گے عبدالحمید قریشی نے گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ کرائم برانچ کے ہاتھوں بے گناہ تاجر زاہد قریشی کی غیر قانونی گرفتاری کا فوری نوٹس لے کر ان کی رہائی کے احکامات جاری کریں اور غیر قانونی اقدام کے مرتکب کرائم برانچ اہلکاروں کو معطل کر کے کارروائی کرے۔