کراچی (جیوڈیسک) سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کو پاکستان کی قانون ساز اسمبلی میں کی گئی تقریر کو نصاب میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان انھوں نے پیر 23 مارچ کو یوم قرارداد پاکستان کے روز کیا۔
ترجمان سینئر صوبائی وزیر تعلیم کے جاری کردہ بیان کے مطابق نثارکھوڑو نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قانون ساز اسمبلی میں کی گئی تقریر کو سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایت پر نصاب میں شامل کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی وہ تقریر آٹھویں جماعت سے لیکر دسویں جماعت کے نصاب میں ترمیم کرکے شامل کی جارہی ہے، وہ ترمیمی نصاب آئندہ سال طلبا وطالبات کے ہاتھوں میں ہوگا، انھوں نے کہا کہ تعلیم اب صوبائی معاملہ ہے۔
سندھ کو اپنا نصاب تیار کرنے کا حق حاصل ہے اس لیے سندھ صوبہ قائداعظم محمد علی جناح جیسی شخصیت کی تقریر کو بھی نصاب میں شامل کرنے جارہا ہے تاکہ طلبا وطالبات کو تاریخ سے بھی آگاہی مل سکے۔
انھوں نے کہا کہ نصاب میں یہ تاریخ شامل ہونے سے طلبا وطالبات کو مستقبل کیلیے رہنمائی حاصل ہوگی۔