لاہور : پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیرالدین خاں نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد جناح کے فرمان اتحاد، تنظیم، یقین محکم پر عمل کرنے کی آج سب سے زیادہ ضرورت ہے، اس مملکت خدا داد کو داخلی، خارجی طور پر خطرات اور چیلنج درپیش ہیں۔ بانی پاکستان کے افکار و فرمودات پر عمل پیرا ہوکر ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ملت اسلامیہ خصوصاً برصغیر کے مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کا خاص انعام تھے ۔قوم قائد اعظم کے احسانات کا بدلہ نہیں اتار سکتی۔
بانی پاکستان نے مایوسی اور ناامیدی کی فضا میں عزم و حوصلہ کا چراغ چلایا اور اپنی لیاقت ، ہمت ، معاملہ فہمی سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں میاں محمد منیر ،خدیجہ عمر فاروقی ایم پی اے، ناصر رمضان گجر، فراز اعوان و دیگر عہدیداران و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ قائداعظم کی زندگی نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہے ، قائد اعظم کی سیاسی فکر کو بھولنا بڑی بدقسمتی ہے بابائے قوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی خدمت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے قائد اعظم برصغیر کے مسلمانوں کے محسن ہیں ان کی قیادت میسر نہ ہوتی تو پاکستان معرض وجود میں نہ آتا، ساری زندگی پاکستانی قوم ان کے احسانات کا بدلہ نہیں اتار سکتی ،،قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہتر ین طریقہ یہ ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی خدمت اور حفاظت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔