کراچی : مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کالجز اینڈ یو نیورسٹیز زون کراچی کے تحت 25 دسمبر قائد اعظم ڈے پر مزار قائد تا پریس کلب تک عظیم الشان “یوم قائد ریلی “نکالی گئی۔ریلی مختلف زونوں سے ہوتے ہوئے مزار قائد پہنچی۔ جس میں مدارس، کا لج اور یو نیورسٹیز اور اسکول کے طلبہ نے بھر پور انداز میں شرکت کی۔
ریلی کی قیادت مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی کے ناظم صدیق شیرازی نے کی۔ ریلی کے اختتام پر پریس کلب پر خطاب کرتے ہو ئے ناظم کراچی صدیق شیرازی ، ناظم عمومی انور علی صدیقی، ناظم اطلاعات عنایت اللہ فاروقی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جنا ح پاکستانی عوام کے ہیرو اور پوری قوم کے قائد ہیں، انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن حاصل کرکے مسلمانوں کو مکمل آزادی فراہم کی۔
مسلم اسٹوڈنٹس آرگنا ئزیشن کراچی ان کی پوری زندگی مسلمانوں کی آزادی کے لیے صرف کرنے پر ان کے یوم ولادت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے طلبہ کو مستقبل کا معمار قرار دیا ہے لہذا طلبہ کا فرض بنتا ہے کہ آپ قائد اعظم کے ارشاد پر پورا پورا اترتے ہوئے ملک وقوم کے لیے ایک بہترین مستقبل بن کر سامنے آئیں ریلی میں شریک اسٹوڈنٹس نے پاکستانی پرچم، بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے۔