قائد تحریک الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے عوامی خدمات کا سفر جاری رکھیں گے، نشاط ضیاء قادری

کراچی : رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ ملک کی واحد عوامی جماعت ہے جو عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے قائد تحریک محترم الطاف حسین نے ہمیں ہمیشہ بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب عوامی خدمت کا درس دیا ہے، قائد تحریک کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے شہر کی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے اقدامات کئے اور عوامی تعاون اور مشاورت کے ساتھ ہمیشہ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی مسائل کا جائزے کے موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی موجود تھے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوام کو یقین دلا یا کہ علاقائی ترقی اور عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام انتظامات کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ ماہ محرم الحرام سے قبل امام بارگاہوں کے منتظمین اور جلوس پرمٹ ہولڈر ز کے باہمی مشاورت کے ساتھ امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جائے۔

عوام کی جانب سے مختلف علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے شکایات پر موقع پر موجود واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو رکن صوبائی اسمبلی نے ہدایت کی کہ شاہ فیصل زون کے حدود میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلا کر عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کا مثالی نظام قائم کیا جائے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ علاقائی مسائل کے حل کے لئے تندہی کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنائیں۔