کراچی (جیوڈیسک) آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت منایا جا رہا ہے، کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔
بابائے قوم کے یوم ولادت کی تقریبات کا آغاز صبح کراچی میں مزار پر گارڈز کی تبدیلی سے ہوا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
کمانڈانٹ ملٹری اکیڈمی میجر جنرل ندیم بٹ نے پریڈ کے معائنے کے بعد مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
تینوں مسلح افواج اور رینجرز کے نمائندے بھی مزار قائد پر حاضری دیں گے۔ ملک کے دوسرے شہروں میں بھی بابائے قوم کے یوم ولادت کے سلسلے میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
قائداعظم محمد علی جناح کی روح کو ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔