لاہور : کالمسٹ کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی سالگرہ منانے کی تقریب پاک نیوز لائیو کے فورم میںمنعقد کی گئی۔تقریب کا اہتمام کالمسٹ کونسل آف پاکستان کے سینئر نائب صدر عقیل خان نے کیا۔ تقریب میں ٹی ای قصور شکیل احمد خان، پرنسپل عامر ماڈل سکول شفیق احمد اور چھانگا مانگا کے ڈی ٹی اعظم نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے کالمسٹ عقیل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کا دیس آج لہو لہو ہے۔ اس کی حفاظت کی ذمہ داری ہم سب عائد آتی ہے۔ انہوں نے کہا قائداعظم نے پاکستان اس لیے نہیں بنایا کہ ہم آپس میں جھگڑتے رہے اور دشمن موقع کا فائدہ اٹھا کر ہمارے ملک پر وار کرتا رہے۔
اللہ کا شکرہے کہ سانحہ پشاور نے ہمارے سیاستدانوں کو اکٹھا کردیا اور دعا ہے کہ اب وہ اس ملک کی خاطر اکٹھے ہی رہیں۔ تقریب سے شکیل احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا پاکستان قائداعظم کی انتھک محنت سے معرض وجود میں آیا۔
شفیق احمد نے اپنے تقریر میں کہا قائداعظم کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے ہم اپنی منزل مقصود پر پہنچ سکتے ہیں۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔