قائد اعظم ٹرافی، ملتان ٹائیگر کو دن میں تارے نظر آ گئے

Quaid e Azam Trophy

Quaid e Azam Trophy

لاہور (جیوڈیسک) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں ملتان ٹائیگرز کو دن میں تارے نظر آ گئے۔

نیشنل بینک نے صرف 68 پر ٹھکانے لگانے کے بعد4 وکٹ پر 234 رنز اسکور بورڈ پر سجالیے، حماد اعظم اور احمد جمال کی شاندار بولنگ کے بعد کامران اکمل اور اکبر رحمانی نے ناقابل شکست ففٹیز بنائیں۔ واپڈا کے سامنے کراچی ڈولفنز کی ہمت صرف 80رنز پر جواب دے گئی، محمد علی بھٹہ اور وقاص مقصود نے5،5 وکٹوں کا بٹوارا کیا، یو بی ایل کے مقابل لاہور لائنز 216رنز تک ہی پہنچ سکے، اسلام آباد لیپرڈز کے شہزاد اعظم نے7 وکٹیں اڑاتے ہوئے سوئی نادرن گیس کو 262 پر پویلین بھیج دیا، سیالکوٹ اسٹالینز کے فیصل خان اور بلال آصف نے اسٹیٹ بینک کیخلاف سنچریاں جڑیں۔سوئی سدرن گیس کے تابش خان نے ایبٹ آباد فالکنزکے5 پلیئرز کوٹ ھکانے لگایا۔

تفصیلات کے مطابق گولڈ لیگ کے چوتھے مرحلے میں ابتدائی روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں نیشنل بینک نے میزبان ٹائیگرز کا جینا دوبھر کردیا، ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ پر مجبور میزبان ٹیم28.2 اوورز میں صرف68 رنز پر پویلین لوٹ گئی، ذیشان اشرف (28) اور محمد عرفان (10) کے سواکوئی بھی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا، حماد اعظم نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں لیں، احمد جمال نے 3 اور ضیا الحق نے 2 پلیئرز کو آؤٹ کیا، نیشنل بینک نے جوابی اننگز میں53 اوورز میں 4 وکٹیں گنوا کر 234 رنز اسکور کرلیے، کامران اکمل 66 اور اکبر رحمانی 54 رنز کے ہمراہ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کریں گے۔