لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نعشیں اٹھاتے اٹھاتے قوم کے کندھے تھک چکے ہیں۔ قائد اور اقبال کا پاکستان اس وقت لہو لوہان ہے علماء رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔
وزیر اعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے جامعہ اشرفیہ لاہور سے مختلف شعبہ جات میں تعلیم مکمل کرنے والے علمائے کرام میں اسناد تقسیم کیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے علماء کے کردار پر زور دیا۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کے کردار نے قوم میں عدم برداشت کا رویہ پیدا کیا ہے۔
تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لوگوں کو دو وقت کھانا نصیب نہیں ہوتا لیکن امیروں کے پاس دولت کے انبار ہیں۔ تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے فارغ التحصیل طلباء میں ڈگریاں تقسیم کیں۔